قوم عاد

erstellt am: 01.02.2017 | von: admin | Kategorie(n): ؑ قصص الانبیاء, تازہ ترین

اس تحریر میں دیئے گئے حوالہ جات والدین کے لئے ہیں .اسلامی معلومات کے مقابلے کے لئے بچوں کا اس معلومات کو جاننا ضروری نہیں ہے . کسی بھی قسم کے سوالات یا تحفظات کے لئے آپ نیچے کمنٹس میں یا بذریعہ ای میل ic@pak-deutschkulturverein.de ہم سے رابطہ کر سکتے ہیں .

کہانی:
ﷲتعالیٰ نے حضرت ھود علیہ السلام کو اپنے بھائیوں (یعنی قوم عاد) کی طرف اپنے اُس پیغام کے ساتھ بھیجا، جو ہر نبی نے اپنی قوم کو دیا،کہ ﷲ صرف ایک ہے اور صرف وہی لائقِ عبادت ہے۔

غالب گمان یہی ہے کہ قومِ عاد کا مسکن یمن اور عمان کے درمیانی علاقے کے پہاڑ تھے۔ یہ قوم اُونچے اُونچے مینار بنانے میں مشہور تھی ، اِسی لئے اِس علاقے کو ہزار مینار کے نام سے بھی پکارا جاتا تھا۔ قومِ عاد جیسی کوئی بھی تہذیب نہ اُن سے پہلے تھی اور نہ ہی اُن کے بعد آئی۔ ﷲتعالیٰ نے قومِ عاد کو بے شمار پھلوں، فصلوں ، اولاد، مویشیوں اور پانی کو فراوانی سے نوازا تھا، حتیٰ کہ جسمانی لحاظ سے بھی قومِ عاد نہایت طاقتور ، مضبوط اور اُونچے قد کے حامل تھے۔

قومِ عاد کے سردار نہ صرف طاقتور بلکہ ظالم بھی تھے ، اُن کی طاقت نے انہیں رحم دل نہیں بنایا بلکہ وہ آس پاس کے علاقوں کو تخت و تاراج کرتے تھے۔شیطان اُن کو اُن کے اعمال اچھے کر کے دکھاتا تھا اور اُن کے غرور اور تکبر میں مزید اضافہ ہوتا ہو جاتا تھا، اور جھوٹے خداؤ ں کی عبادت بھی خوب زوروں سے ہوتی تھی۔

حضرت ھود علیہ السلام بھی ایک طاقتورانسان تھے مگر اُنھوں نے اپنی طاقت معاشرے میں موجود بے شمار مسائل کے خلاف استعمال کی، مگر قومِ عاد اپنی طاقت کے غرور میں حضرت ھود علیہ السلام کی باتیں سننا ہی نہیں چاہتے تھے۔ باوجود مخالفت کے حضرت ھود علیہ السلام اُن کو سیدھے راستے کی طرف بلاتے رہے۔

حضرت ھود علیہ السلام لوگوں کے سمجھانے کی کوشش کرتے رہے کہ اگر وہ اپنی سرکشی اور تکبر کی ﷲ سے معافی مانگیں گے تو ﷲ اُن کی طاقت اور حکومت میں مزید اضافہ فرمائے گا۔سرکش قومِ عاد حضرت ھود علیہ السلام سے روزِقیامت کے متعلق جھگڑا کرتے، اُن کا خیال تھا کہ مرنے کے بعد جسم مٹی میں مل کر ہوا میں شامل ہو جاتا ہے اورآج کل کے لوگوں کی طرح اُن کا بھی یہ خیال تھا کہ اِس زندگی کا مقصد صرف اور صرف مال و دولت اور عزت حاصل کرنا ہے ۔ جب حضرت ھود علیہ السلام نے اُن کو زندگی کا اصل مقصد بتاتے اور اُنھیں احساس دلانے کی کوشش کرتے کہ وہ ﷲ کے راستے سے کتنی دور ہیں، تو وہ غرور میں اپنے سینے پُھلا کر حضرت ھود علیہ السلام کو پاگل کہتے۔ اور پوچھتے کہ ایک آدمی (حضرت ھود علیہ السلام) جوہماری ہی طرح کھاتا پیتا ہے، وہ زندگی کے بارے میں اتنی مختلف سوچ کیسے رکھتا ہے ۔دولت اور طاقت کے نشے میں ڈوبی قوم کو یقین ہو گیا تھا کہ حضرت ھود علیہ السلام کی بات کوئی پاگل ہی مان سکتا ہے۔

آخر کار قومِ عاد حضرت ھود علیہ السلام کو دیکھ کر کہتی کہ، ہمارے کسی خدا نے تم پر برائی مسلط کر دی ہے۔ حضرت ھود علیہ السلام نے ﷲ تعالیٰ سے رجوع کیا اور اپنی قوم سے دور چلے گئے کیونکہ اُن علیہ السلام کو پتہ تھا کہ ﷲ کا عذاب نہایت سخت اور جلدی آ جائے گا۔ اور پھر قومِ عاد کو قحط سالی نے آ گھیرا، لوگ بارش کی آرزو میں آسمان کی طرف دیکھتے کہ شائد کوئی بادل نظر آ جائے۔ یہ عذابِ الہی کی واضح نشانی تھی مگر لوگ پھر بھی حضرت ھود علیہ السلام سے تمسخر اور اُن کا مذاق اُڑاتے رہے۔

پھر ایک دن موسم اچانک بدل گیا۔ جھُلساتی گرمی کی جگہ کپکپاتی سردی نے لے لی اور ہواؤں نے واویلا کرنا شروع کر دیا۔ قومِ عاد پناہ گاہیں ڈھونڈتی رہی اور وحشی ہوائیں دن بدن بڑھتی ہی گئیں ۔تقریباََ ایک ہفتہ سے کچھ زیادہ رہنے والے اِس طوفان نے خیموں اور پناہ گاہوں کو تباہ کر کے رکھ دیا۔ تیز ہواؤں نے جسم سے کپڑوں کی ساتھ ساتھ کھال بھی ادھیڑ کر رکھ دی ۔

ﷲ تعالیٰ نے غضبناک ہواکو سات راتیں اور آٹھ دن کے لئے قومِ عاد پر مسلط کر دیا تھا اور اِس عذاب کے بعد قومِ عاد میدانوں میں ایسی مردہ حالت میں پڑی تھی جیسے کجھور کے کٹے ہوئے تنے پڑے ہو۔

ابنِ کثیر لکھتے ہیں کہ یہ ہوائیں تب تک چلتی رہیں جب تک یہ تمام سر سبزو شاداب علاقہ کھنڈر بن گیا اور صحرا میں دب گیا۔ حضرت ھود علیہ السلام اور اُن کے ساتھ چند ایمان والے اِس طوفان سے محفوظ رہے اور گمان غالب یہی ہے کہ اِن سب نے موجودہ یمن کے علاقے حضرموت کی طرف ہجرت کی تھی۔ وﷲاعلم

حوالہ جات :
سورۃ ھود آیات ۵۴۔۵۰
سورۃ الاعراف آیت ۶۵
سورۃ الفجر آیات ۸۔۶
سورۃ الحآقۃ آیات ۸۔۶

سوالات:
سوال: قومِ عاد کِن دو ممالک کے درمیان رہتی تھی؟

سوال : ﷲتعالیٰ نے قومِ عاد کو کِن کِن نعمتوں سے نوازا تھا؟

سوال :قومِ عاد کے لوگوں کی جسمانی لحاظ سے کیا خصوصیت تھی؟

سوال :قومِ عاد اخلاقی اعتبار سے کیسی تھے؟

سوال : قوم عاد کیا بنانے میں مشھور تھی؟

سوال :حضرت ھود علیہ السلام نے اپنی قوم سے کیا کہا (وہ کیا پیغام لے کر آئے تھے)؟

سوال :حضرت ھود علیہ السلام کی قوم نے حضرت هود علیہ السلام کو کیا جواب دیا تھا ؟

سوال :ﷲتعالیٰ نے قومِ عاد کو ابتدا میں کیسا عذاب دیا؟

سوال :مختصراََ بتائیں کہ قومِ عاد پر کیسا عذاب نازل ہوا تھا؟

Print Friendly, PDF & Email

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *